مشرقی پاکستان سے علیحدگی کا المیہ 2020

تحریر: شیخ محمد انور (ریلویز) 2020

فون نمبر: 0333-2250719

ای میل: sheikhmanwar@gmail.com

مشرقی پاکستان سے بنگلہ دیش تک

مشرقی پاکستان سے علیحدگی کا المیہ

مشرقی پاکستان کی علیحدگی کو اب 49 برس کا عرصہ ہوگیا ہے۔ ہر سال 16 دسمبر کے موقع پر مختلف لوگ اس کی علیحدگی کے بارے میں مختلف اسباب و محرکات لکھتے ہیں۔ بعض کے نزدیک صرف بھارت اور روس ذمہ دار ہیں۔ حالانکہ بیرونی طاقتیں اپنے مفاد کیلئے اس وقت سرگرم ہوتی ہیں جب اندرونی معاملات و اضطراب کا نقشہ ان کی صوابدید کے مطابق ہوجائے۔ 16 دسمبر 1971؁ء پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جس کے پس پردہ جہاں محلاتی سازشیں، اپنوں کی غداریاں، نام نہاد دوستوں کی بیوفائیاں اور دشمنوں کی ریشہ دوانیاں کارفرماتھیں، وہیں ملک عزیز میں عرصہ دراز سے روا رکھی جانے والی ناانصافی نے بھی ایک محرک کے طور پر کام کیا۔ مورخ جب پاکستان کے دولخت ہونے کی تاریخ رقم کررہا تھا تو وہیں محب وطن، اتحاد اسلامی کے داعی اور اسلامی نظام کیلئے جدوجہد کرنے والے افراد کی طرف سے پیش کی جانے والی لازوال قربانیوں کے مناظر بھی دیکھ رہا تھا۔ یہ ہماری تاریخ کا وہ روشن باب ہے جسے ہمارا میڈیا قوم کے سامنے لانے سے کتراتا رہا ہے حالانکہ یہ ان افراد کے تذکرے پر مبنی ہے جنہوں نے آخری لمحات تک اپنے لہو سے نظریہ پاکستان کی آبیاری کی اور جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں پر ہر اول دستے کے طور پر کام کیا۔ آج نوجوانوں کی اکثریت شاید البدر بنگال کے کسی ایک شہید کے نام سے بھی واقف نہ ہو۔ یہ تو ہمارے میڈیا اور محب وطن قلمکاروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ نئی نسل کو ان بیدار مغز، باہمت اور باکردار نوجوانوں کی قربانیوں سے آگاہ کریں جنہوں نے نظریہ پاکستان کے تحفظ کیلئے اپنی جان و مال قربان کردی تاکہ آج کے نوجوان انہی کرداروں کو اپنا آئیڈیل بنا کر پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہوجائیں۔ 16 دسمبر سقوط ڈھاکہ کا سانحہ پاکستانی قوم کیلئے ایک عظیم المیہ تھا، غیرت کا تقاضا تھا کہ قوم اس وقت تک چین سے نہ بیٹھتی جب تک ہندو کانگریس سے جس کی قیادت برہمنوں کے ہاتھ میں ہے انتقام نہ لے لیتی لیکن قوم نے اس سانحہ کو سنجیدگی سے نہ لیا۔ اللہ ربُ العزت کا یہ احسان عظیم ہے کہ اللہ ربُ العزت نے ہندو کو مکمل کامیابی سے ہمکنار نہ کیا اور تقسیم بنگال کی منسوخی کے سانحہ کی طرح اس میں بھی اسے جزوی کامیابی حاصل ہوئی اگرچہ ملت اسلامیہ یا پاکستانی قوم کو جو نقصان پہنچنا تھا وہ پہنچ چکا تھا۔ تقسیم بنگال کی منسوخی کیلئے ہندوؤں نے جس دہشتگردی کا مظاہرہ کیا تھااس کی تفصیل آگے چل کر آئے گی لیکن اس تقسیم سے ہندو کا مقصد اول و آخر برصغیر کے مسلمانوں کو نقصان پہنچانا تھا۔ تقسیم بنگال کی تنسیخ سے ہندو کو بنگال اس حالت میں نہ ملا جس حالت میں وہ تقسیم سے قبل تھا بنگال سے بہار، اریسہ آسام اور اس کا پہاڑی علاقہ اس سے الگ کردیا گیا تھا لیکن قیام پاکستان سے پھر سے بنگال میں ایک مسلم اکثریت کا صوبہ وجود میں آگیا تھا اور مشرقی پاکستان کا قیام ہندوؤں کے سینے پر ہر وقت مونگ دلتا تھا۔ اس لیے انہوں نے مشرقی پاکستان کو چاروناچار تسلیم کرلیا بطور ایک الگ ریاست کے لیکن اس کے خلاف ہندوکانگریس کی سازشیں متواتر جاری رہیں حتیٰ کہ یہ علاقہ ایک نئے ملک کے طور پر وجود میں آگیا اس سے پاکستان آدھا رہ گیا لیکن وہ علاقہ ہندو کا تابع مہمل بھی نہ بنا اور بدستور مسلم امہ کے دھارے سے منسلک رہا اور اس طرح اندراگاندھی کے اس دعویٰ کی تردید ہوگئی کہ ”دوقومی نظریہ کو بحرہند میں غرق کردیا گیا ہے“۔ 16 دسمبر ہماری تاریخ کا وہ سیاہ ترین دن ہے کہ جب 1971؁ء میں دنیا کی سب سے بڑی اسلامی مملکت کو ایک بین الاقوامی سازش کے تحت دولخت کردیاگیا اور ہم تاریخی حقائق کو جانتے ہوئے بھی شخصیات اور اداروں پر الزامات عائد کرتے رہتے ہیں اور اُس عظیم المیے سے سبق حاصل کرکے اپنا قبلہ درست کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ یوم سقوط مشرقی پاکستان آج کا دن قوم کو وارننگ کا دن ہے۔ آج کا دن کشمیر کے مظلوم انسانوں کو یاد کرنے کا بھی دن ہے۔ تاریخی حقیقت یہ ہے کہ آج کا پاکستان ہی وہ حقیقی پاکستان ہے جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا، جس کی تشریح چوہدری رحمت علی نے کی اور جس کو حقیقت کا روپ برصغیر کے لاکھوں مسلمانوں نے جام شہادت نوش کرکے قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں دیا۔ 1965؁ء کی جنگ ستمبر میں پاکستان کے عوام کے مثالی اتحاد جذبہ حب الوطنی اور پاکستان کی مسلح افواج کی بہادری نے ملک دشمنوں کو ایک بار پھر جمع کیا اور یہودی سامراج کو فکرلاحق ہوئی کہ 10کروڑ مسلمانوں (1965؁ء میں متحدہ پاکستان کی آبادی 10 کروڑ تھی) کا یہ جذبہ حب الوطنی اور مسلح افواج کے تقدس کی وجہ سے دنیا کی سب سے بڑی اسلامی مملکت مستقبل میں ہمارے لیے خطرہ ہے چنانچہ انہوں نے یہ فیصلہ کیا کہ پاکستان کو دنیا کی سب سے بڑی اسلامی مملکت نہیں رہنا چاہیے۔ اس لیے ملک کو توڑ دیا جائے۔ پاکستان کے مشرقی صوبے میں غربت کی وجہ سے جو احساس محرومی پیدا ہوئی ہے اسے مزید ہوادی جائے۔ اربابِ اختیار دن رات اقتدار کے نشے میں چور رہتے تھے اور اسی وجہ سے وہ ملکی معاملات کو چلانے کی صلاحیت سے عاری ہوچکے تھے اور ہماری شکست کی ایک بڑی وجہ ہماری قیادت کی یہی بدکرداری تھی جس کا ہمارے دشمنوں نے خوب فائدہ اٹھایا اور ہم پستیوں میں گھرتے چلے گئے حتیٰ کہ اپنا ایک بازو گنوا بیٹھے۔ آج 49 سال گزرنے کے بعد جب ہم موجودہ حالات کا جائزہ لیتے ہیں تو ہمیں انداہ ہوتا ہے کہ آج ایک بار پھر ہم اُسی صورتحال کا شکار ہوچکے ہیں جیسی 1971؁ء میں تھی۔ افسوس کہ قوم نے قائد اعظمؒ کی اس نصیحت پر کان نہ دھرے اور ملک کا ایک حصہ ہاتھ سے گنوا بیٹھے، اب یہ بحث فضول ہے کہ اس علیحدگی کا ذمہ دار کون تھا۔ علیحدہ ہونے والے اور علیحدہ کرنے والے آج یکساں طور پر مشکلات میں گرفتار ہیں۔ اب پھر سے ایک ہونے کا دور ہے اور مسلمان تو ایمان کے اشتراک کے ناطے سے ایک ہیں چاہے وہ دنیا کے کسی کونے میں ہوں بھارت خود ٹکڑے ٹکڑے ہورہا ہے۔ 1971؁ء میں بھی امریکہ نے پاکستان کو ساتویں بحری بیڑے کی آڑ میں دھوکہ دیا تو آج بھی ہم اُسی امریکہ کی گود میں بیٹھے ہیں اور وہ ہمارے ہی فوجی جوانوں کو خاک و خون میں نہلا رہا ہے۔ سقوط ڈھاکہ کا دلخراش واقعہ امت مسلمہ کی تاریخ میں سقوط غرناطہ کے بعد بدترین واقعہ ہے جس نے مستقبل پر بہت گہرے اور دور رس اثرات مرتب کیے اگر ہم آئندہ ایسے واقعات سے بچنا چاہتے ہیں تو ہمیں فوری طور پر امریکی گود سے نکل کر آزادانہ داخلہ و خارجہ پالیسیاں تشکیل دینا ہونگی کیونکہ آج تک پاکستان کو ملنے والے کم و بیش تمام ہی دکھ واشنگٹن سے ہی ہو کر آتے ہیں۔

اس تحریر پر اپنی رائے کا اظہار کیجئے