ایم ایل ون پاکستان ریلوے کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ 2020

ایم ایل ون

پاکستان ریلوے کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ 

6.8ارب ڈالر مالیت کے منصوبے کی منظوری سے کراچی تاپشاور ٹریک اپ گریڈ کیا جائے گا

یہ بہت خوش آئین بات ہے کہ وفاقی وزیرریلوے نے کہا ہے کہ میں ملک کے ایک لاکھ سے زائد لوگوں کو روزگار دوں گا۔ سی پیک منصوبہ سے ہزاروں مزدوروں، ٹیکنیکل سٹاف اور انجینئرز کو روزگار ملے گا۔

سی پیک منصوبہ سے ہماری اقتصادی ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ 

تحریر: شیخ محمد انور(ریلویز)

ای میل: sheikhmanwar@gmail.com

فون نمبر: 0333-2250719 

پاکستان کے قدیم دوست چین کے تعاون سے ریلوے کی جدت، تعمیر وترقی کے ML-1 نامی جس منصوبے کا آج کل ہر طرف شہرہ ہے اور گزشتہ دنوں حکومت پاکستان نے اس کی منظوری بھی دے دی ہے۔ جس پر وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، پاکستانی قوم اور بالخصوص ریلوے ملازمین کو بہت بہت مبارک ہو۔ اس سے مراد کراچی سے پشاور تک ریلوے لائن براستہ ملتان اور لاہورہے جس کا فاصلہ قریباً1872کلومیٹر ہے۔ پلاننگ کمیشن نے 6.8 ملین ڈالر یعنی 1122 ارب کا منصوبہ منظور کرتے ہوئے سفارشات ایکنک کو بھجوا دی تھیں جس کی منظوری ہوگئی ہے۔ جس میں کراچی سے پشاور تک ٹریک اور برجز کو تبدیل کیا جائے گا۔ اس وقت ML-1 پر کراچی سے پشاور تک 720 پھاٹک ہیں، اُن کو ختم کردیا جائے گا اور پھاٹکوں کی جگہ انڈر پاس اور فلائی اوور بنائے جائیں گے جو کہ اس منصوبے میں شامل ہیں۔ جبکہ 2445 چھوٹے بڑے پلوں کو بھی ازسرنوتعمیر کیا جائے گا۔ ریلوے لائنوں کے دونوں طرف جنگلہ لگا دیا جائے گا۔ لاہور سے پشاور تک ڈبل لائن بنائی جائے گی۔ کراچی سے پشاور تک جدید سگنلنگ نظام لگایا جائے گا اور یہ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد مسافر گاڑیوں کی رفتار 160 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھائی جا سکے گی۔ اس کے علاوہ مال گاڑیوں کیلئے مزید گنجائش پیدا ہوجائے گی اور ایک دن میں سوسے زائد گاڑیاں آسانی کیساتھ کراچی سے پشاور کے درمیان چلائی جا سکتی ہیں۔ ان مال گاڑیوں اور پیسنجر ٹرینوں کے چلنے سے ملک کی اکانومی اور پاکستان ریلوے کو زبردست مالی فائدہ ہوگا، اس کے ساتھ ساتھ مسافروں کے لیے بھی بہتر سہولیات میسر آ سکیں گی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان ریلوے کو اس منصوبے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ ریلوے کے اکثر پُل اپنی طبعی مدت پوری کرچکے ہیں اور اکثر کی زندگی سوسال سے زیادہ ہوچکی ہے۔ اس کے علاوہ پھاٹک ختم ہونے سے حادثات میں یقیناً سوفیصد کمی آ جائے گی۔ ٹریک کی حالت دن بدن خراب ہوتی جا رہی ہے کیونکہ جتنی انویسٹمنٹ ٹریک پر ہونی چاہیے تھی اُتنی انویسٹمنٹ نہ ہو سکی اور ٹریک پر اُتنا کام نہ ہوسکا کیونکہ ریلوے کے مینول کے مطابق ٹریک پر کام کرنے والے گینگ مینوں کی تعداد قریباً15 ہزار کم ہے۔ نتیجتاً حادثات کے واقعات بڑھ گئے ہیں اور ریلوے میں مسافروں کی سیفٹی کے معاملے میں خدشات موجود ہیں۔ لہٰذا اس میں تو کوئی شک نہیں کہ یہ منصوبہ ریلوے اور پاکستانی قوم کیلئے نئی زندگی کہلائے گا اور انشاء اللہ ریلوے پھر سے اپنی پُرانی زندگی 1970ء کی طرح پرفارم کر سکے گی۔ آج ہرآدمی جس کو ریلوے کے بارے میں بالکل بھی معلوم نہیں اور شاید کبھی سفر بھی نہ کیا ہو لیکن وہ تنقید میں سب سے آگے ہوتا ہے۔ ماضی کی حکومتوں نے ریلوے کو نظرانداز کیے رکھا اور ریلوے میں جتنی انویسٹمنٹ ہونی چاہیے تھی وہ نہ ہوسکی۔ حقیقت تو یہ ہے کہ2011ء میں انڈین حکومت نے 12 ارب ڈالر ریلوے کی ترقی کیلئے انویسٹ کیے اور ریلوے نظام کو کشمیر کی پہاڑیوں تک پہنچا دیا۔ اس سلسلہ میں کئی کلو میٹر ٹنل بنائی گئی۔ انڈین ریلوے کی ترقی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ روزانہ 13500پیسینجر ٹرینیں اور 9000گڈز ٹرینیں ملک کے طول و عرض میں رواں دواں ہوتی ہیں مگر وہاں پر وہی نظام ہے، وہی ریلوے بورڈ ہے جو 1947ء میں تھا۔کیونکہ اُن کی پارلیمنٹ نے ایک بِل منظور کیا کہ لکڑی، تیل اور اجناس ایک صوبے سے دوسرے صوبے میں روڈ کے ذریعے منتقل نہیں کی جا سکیں گی جس کی وجہ سے تمام بزنس ریل کی گُڈز ٹرینوں کو ملتا ہے۔ سعودی عرب نے ریلوے کی اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے ریلوے کے چار بڑے منصوبے شروع کررکھے ہیں جن کے ذریعے 2400 کلو میٹر ٹریک بچھایا جا رہا ہے جبکہ 1200 کلو میٹر کی مزید توسیع کی جا رہی ہے۔ ان منصوبوں پر 72 ارب ڈالر کے اخراجات ہوچکے ہیں اور 100 ارب ڈالر کی مزید انویسٹمنٹ کی جا رہی ہے۔ ہمارے دوسرے ہمسایہ ملک ایران نے اپنے ریلوے نظام کے لیے وسطی ایشیائی ریاستوں تک رسائی حاصل کرلی ہے۔ سابق امریکی صدر اوباما نے اپنی ایک پالیسی بیان میں کہا تھاکہ ہماری غلط حکمت عملی کی بناء پر ریلوے نظام کو بھرپور توجہ نہیں دی جا سکی مگر امریکن ریلوے کو دیگر یورپین ریلویز کے ہم پلہ اور جدید کرنے کیلئے ایک ہزار ارب ڈالر انویسٹ کیے جائیں گے۔ ML-1 اتنے اچھے منصوبے کے ساتھ کچھ خدشات بھی ہیں کیونکہ ہمارے ملک میں جب ایک حکومت چلی جاتی ہے تو دوسری حکومت آنے پر اُن منصوبوں کو یا تو ختم کردیتی ہے یا پھر اُن میں تبدیلی کردیتی ہے۔ 6.8ملین ڈالر یعنی 1122 ارب کا منصوبہ چائنہ سے قرض لیکر مکمل کیا جائے گا اور اس کی تعمیر کا کام بھی چائنیز کمپنیاں ہی کریں گی۔ ریلوے افسران اور ملازمین کو آپس کی دوریاں ختم کرنی ہوں گی کیونکہ 1122 ارب کا قرض بمعہ سود واپس کرنا ہو گا ورنہ موٹروے کی طرح ریلوے کو بھی گروی رکھنا نہ پڑجائے۔ ظاہری طور پر پاکستان ریلوے کے پاس ٹیکنیکل سٹاف، سپروائزری سٹاف، گینگ مین، شیڈ سٹاف، کیرج سٹاف، ٹریفک یارڈ سٹاف، اسٹیشن ماسٹر، ٹرین ڈرائیور، آر ٹی ایل سٹاف، الیکٹرک سٹاف، برج سٹاف، ٹیلی کام سٹاف اور سگنلنگ سٹاف سمیت ہر شعبے میں ملازمین کی شدید کمی ہے جس کی وجہ سے بہت مسائل پیدا ہوچکے ہیں، ہر کیٹیگری میں سٹاف کا قحط الرجال ہے۔ ٹیکنیکل اور سکلڈ سٹاف خال خال نظر آتا ہے، اس وجہ سے ریلوے کے ہرشعبے میں مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ ریٹائرمنٹ بہت تیزی سے ہورہی ہے اور متبادل بالکل نہیں۔ ماضی کی حکومتوں نے جی ٹی روڈ اور موٹروے پر توجہ دی، کاش اتنی توجہ ریلوے پردی جاتی تو آج پاکستان پولوشن فری ہوچکا ہوتا۔ ML-1 کے بعد روزانہ اس ٹریک پر دن میں سو سے زائد پیسنجر اور مال گاڑیاں چلائی جاسکیں گی۔ آج کے دور میں جب کہ ریلوے کے پاس انجنوں کی کمی نہیں مگر صرف 10سے 12مال گاڑیاں چلائی جا رہی ہیں۔ دوسرا مسئلہ ٹرین چلانے سے پہلے ٹرین کی لوڈنگ، ان لوڈنگ ٹرمینل کی بھی ضرورت ہے جبکہ ریلوے کے پاس محدود ٹرمینل ہیں جن سے صرف 10 سے 20 ٹرینیں ہی چلائی جاسکتی ہیں۔ زیادہ گاڑیاں چلانے کیلئے مزید ٹرمینل بنانے پڑیں گے جو کہ تاحال سی پیک کے پراجیکٹ کا حصہ نہیں ہیں۔ ضرورت اس امر ک ی ہے کہ سی پیک منصوبے میں مزید نئے ٹرمینل بھی شامل کیے جائیں۔ اگر یہ ٹرمینل نہ بنائے گئے تو ML-1 پراجیکٹ سے شائد وہ فوائد حاصل نہ ہوسکیں جن کی ہم نے اوپر بات کی ہے۔ ML-1 منصوبے پر دل و جان اور خلوص نیت کے ساتھ عمل کیا گیا تو یہ یقیناً نہ صرف پاکستان کی عوام بلکہ ریلوے کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھے گا۔ ML-1 چین کی عوام اور حکومت کا پاکستان کو تحفہ ثابت ہوگا۔ سابقہ حکومتوں کے دور میں یہ منصوبہ وہ توجہ حاصل نہ کرسکا جس کا یہ مستحق تھا لیکن وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اس منصوبے کو نئے سرے سے زندہ کیا، اس کی ترجیحات کو بہتر کیا اور ریلوے کے منتظمین پر واضح کر دیا کہ اس منصوبے کو عملی شکل میں لانا ہرصورت ضروری ہے۔ یہ پاکستان ریلوے کی بحالی کا منصوبہ ہے۔ خوش آئند بات یہ بھی ہے کہ اس حکومت نے ML-1کے ساتھ ساتھ ML-2 پر کام کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔ ML-2 لائن کوٹری سے دادو، جیکب آباد، ڈی جی خان اور کندیاں سے ہوتی ہوئی ML-1 سے مل جائے گی۔ ML-3 جوکہ روہڑی سے براستہ کوئٹہ ایران تک جائے گی۔ گوادر سے نیا ٹریک کوئٹہ تک لایا جائے گا تاکہ گوادر پورٹ سے لایا جانے والا سامان ایران اور وسطی ایشیائی ریاستوں میں پہنچایا جا سکے۔ مزید ذہن میں رکھنا چاہیے کہ یہ سارا کام چائنیز کمپنیوں نے کرنا ہے۔ یہ سی پیک کا واحد پراجیکٹ ہے جوکہ چائنہ اور پاکستان کے درمیان انتہائی اہمیت کا حامل ہے بلکہ یہ پاکستان کی لائف لائن ہے جس کی وجہ سے توقع کی جا سکتی ہے کہ اس کیلئے جو قرضہ آئے گا وہ باقی سی پیک پراجیکٹ کی نسبت کافی کم شرح سود پر ہوگا۔ اس پراجیکٹ کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ حادثات کی روک تھام کیلئے اے ٹی پی یعنی آٹو ٹرین پروٹیکشن خود کار حفاظتی نظام نصب کیا جائے گا یعنی اگر خدانخواستہ ٹرین نے ڈینجر سگنل کراس کرلیا ہے تو فوری طور پر آٹومیٹک بریک لگ جائے گی۔ جب نئی جدت کیساتھ یعنی 160 کلومیٹر کی رفتار سے ٹرین چلائی جائے گی تو پھر ٹرین ڈرائیور، اسسٹنٹ ڈرائیور، گارڈ اور ٹرین عملہ کیلئے کھانے پینے، ٹرانسپورٹ اور اُن کی رہائش کا بہترین انتظام کرنا چاہیے تاکہ وہ آرام کرسکیں اور پھر دوبارہ مقررہ وقت پر اپنی گاڑی کو لیکر اپنی منزل کی طرف روانہ ہوں۔ ML-1 پراجیکٹ پر پاکستان ریلوے اور گورنمنٹ آف پاکستان کا کنٹرول ہونا چاہیے۔ ML-1 پر کام شروع ہونے سے ٹریک پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ جائے گا، ٹرینوں کی آمدورفت میں کافی رکاوٹیں پیدا ہونگی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس طرح کی حکمت عملی اپنائی جائے کہ گاڑیاں کم سے کم تاخیر کا شکار ہوں تاکہ مسافروں کو کم سے کم تکالیف کا سامنا ہو۔ بہرحال جب اتنا بڑا منصوبہ شروع ہوگا تو یقینا مسافروں کو تھوڑی بہت تکلیف تو اُٹھانی پڑے گی لیکن انشاء اللہ آنے والے وقت میں یہ منصوبہ پاکستان اور اس کی عوام کیلئے خوشحالی کا سنگ میل ثابت ہوگا۔ ML-1 ریلوے کی لائف لائن ہے جس کی شدید ضرورت ہے۔ اس پراجیکٹ پر عمل درآمد ہونا چاہیے، یہ ملک و قوم اور ادارے کیلئے ضروری ہے، جن خدشات کی نشاندہی کی ہے ان کے بارے میں سوچنا چاہیے تاکہ نقصانات کم سے کم ہوسکے۔ اس پراجیکٹ میں حکومت کو چاہیے کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی لیبر، ٹیکنیشن، انجینئرز اور سکلڈ سٹاف کو بھرتی کیاجائے تاکہ چائنہ سے ٹیکنالوجی ٹرانسفر ہوسکے۔ یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ وفاقی وزیرریلوے نے کہا ہے کہ میں ملک کے ایک لاکھ سے زائد لوگوں کو روزگار دوں گا۔ یہ تب ہی ممکن ہے کہ جب زیادہ سے زیادہ لیبر، ٹیکنیشن سٹاف اور نوجوان انجینئرز پاکستانی بھرتی کیے جائیں۔

ML-1 کے بارے میں ایک رائے یہ بھی ہے کہ ML-2 کو ML-1 سے پہلے بنانا چاہیے کیونکہ ML-2 کے بننے سے ML-1 پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوجاتا ہے، ٹرینوں کی آمدورفت بہتر انداز سے چلتی رہتی ہے۔ موجودہ حالات میں یہ خدشہ موجود ہے کہ ML-1 پر کام شروع ہونے کے بعد ٹرینوں کے چلنے میں کافی رکاوٹیں پیدا ہوں گی۔ ان تمام خدشات کے باوجود یہ حقیقت ہے کہ ML-1 ریلوے کی لائف لائن ہے جس کی شدید ضرورت ہے۔ اس پراجیکٹ پر عمل درآمد ہونا چاہیے، یہ ملک و قوم اور ادارے کیلئے ضروری ہے، جن خدشات کی نشاندہی کی ہے ان کے بارے میں سوچنا چاہیے تاکہ نقصانات کم سے کم ہوسکے۔ اس پراجیکٹ میں حکومت کو چاہیے کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی لیبر، ٹیکنیشن، انجینئرز اور سکلڈ سٹاف کو بھرتی کیاجائے تاکہ چائنہ سے ٹیکنالوجی ٹرانسفر ہوسکے۔ یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ وفاقی وزیرریلوے نے کہا ہے کہ میں ملک کے ایک لاکھ سے زائد لوگوں کو روزگار دوں گا۔ یہ تب ہی ممکن ہے کہ جب زیادہ سے زیادہ لیبر، ٹیکنیشن سٹاف اور نوجوان انجینئرز پاکستانی بھرتی کیے جائیں۔

اس تحریر پر اپنی رائے کا اظہار کیجئے